چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان ایک سلیکٹڈ اور کمزور حکمران ہے وہ سیاسی مخالفین کو برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پنجاب کے برطرف بلدیاتی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پنجاب میں غیرجمہوری طریقے سے بلدیاتی اداروں کو تحلیل کیا گیا۔ حیدرآباد اور کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی اداروں میں عہدیدار ہیں مگر ہم نے ادارے تحلیل نہیں کیے۔ بدھ کے روز چیئرمین پیپلزپارٹی سے لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، راولپنڈی، نارووال، لودھراں اور جہلم اضلاع کے ضلعی کونسلر اور برطرف چیئرمینوں نے ملاقات کرکے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی تحلیل کے بعد صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں میاں راجن، سلطان پیرزادہ، کرنل مبشر جاوید، ملک عبدالرزاق، سردار نسیم، سید کمیر حیدرشاہ، احمد اقبال، اصغر شاہ جیلانی، انجم عقیل ہاشمی، چوہدری عبدالوحید ارائیں، انور حسین، راجہ قاسم علی، محی الدین، رضوان الرحمن، رانا ارشد جاوید اور راجہ منظور عباس بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سید نیر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ اور چوہدری منظور بھی ملاقات میں موجود تھے۔