چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدلیہ ، پارلیمنٹ اور افواج پاکستان سمیت تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہی ملک کے مسائل حل ہوں گے۔ زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نئے منتخب صدر سید قلبِ حسین نے چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملاقات کی۔ پاکستان بار کونسل کے ممبر احسن بھون اور عابد ساقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم پاکستان کے اندر آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ ملک میں انسانی حقوق اور آئین اور قانون کی حکمرانی کے لئے بار کونسلز اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز جمہوری و آئینی بالادستی کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہی ملک کے مسائل حل ہوں گے۔ اس موقع پر سید نیر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور سینیٹر شیری رحمن بھی موجود تھے۔