اسلام آباد (16 دسمبر2019)

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بھارت میں جاری انسانیت سوز سانحات پر حکومت پاکستان کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انتہاپسند مودی نے بھارت کو انسانوں کے لئے جہنم بنا دیا ہے۔ گجرات کے قصائی سے کشمیر سے آسام اور بنگال تک کوئی انسان محفوظ نہیں رہا۔ قانون سازی کے نام پر مذہبی اقلیتوں سے شہریت چھین کر مودی نے نئے انسانی المیے کو جنم دیا ہے۔ ایک بیان میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آج بھارت میں کوئی محفوظ نہیں ہے۔ پورا ملک آرایس ایس کے غنڈوں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے کہا کہ مودی جنوبی ایشیا میں ایک بڑی تباہی کا بندوبست کر رہا ہے۔ مودی کو نہ روکا گیا تو جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کو انتہاپسندی کی آگ میں جلا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے روشن خیال اور ترقی پسند مودی کے خلاف میدان میں نکل آئیں اور اپنے ملک کی سیکولر شناخت بحال کریں۔