سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت تاحال ٹڈ ی دل کے معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ٹڈی دل پورے پاکستان میں فصلوں کو اجاڑ رہی ہے مگر حکومت سوئی ہوئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک سال قبل قومی اسمبلی کے فلور پر ٹڈی دل کے خطرے سے آگاہ کیا تھا مگر حکومت نے آصف علی زرداری سے رنجش کی بنیاد پر اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ٹڈی دل زراعت کو تباہ کرتی رہی اور حکومت سندھ کی بار بار درخواستوں کے باوجود وفاقی حکومت نے اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں دی۔ اس کے بعد یہ آفت بلوچستان ، پنجاب اور اب خیبرپختونخواہ میں فصلوں کو تباہ کر رہی ہے مگر حکومت زبانی کلامی دعوﺅں کے سوال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھا رہی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ٹڈی دل نے چاروں صوبوں کی زرداعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور کسانوں کی فصلیں تباہ کر دی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس وباءسے متاثر ہونے والے کسانوں کی مالی امداد کرکے ان کے نقصان کا ازالہ کریں تاکہ کسان اور کاشتکار نئی فصل کے لئے بندوبست کرسکیں ورنہ انسانی خوراک کا خطرناک بحران پیدا ہو جائے گا۔