چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھرنے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباءکے اس مشکل ترین حالات میں بھی وزیراعظم نے مایوسی پھیلائی، طالبان کے خلاف جنگ ہو یا کرونا سے لڑائی عمران خان نے ہمیشہ قوم کو تقسیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بحران میں قومی یکجہتی کے لئے پیغام دیا مگر وزیراعظم نے چیئرمین پی پی پی کے برعکس آج بھی منفی پیغام دیا ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ہمارے سامنے چین، اٹلی اور دیگر ممالک کے تجربات موجود ہیں۔ ہمیں ہر صورت میں عوام کی جانوں کا تحفظ کرنا ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ 18 ماہ میں لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کرنے والے حاکم کو اب غریب یاد آئے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہا کہ روزگار بچانے کے نام پر لوگوں کو موت کے منہ میں نہیں دھکیلا جا سکتا۔بہانے بنانے کی بجائے وزیراعظم قومی وسائل غریبوں پر خرچ کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے سوال کیا کہ اگر اب بھی قومی وسائل اور خزانہ عوام پر خرچ نہیں ہو گا تو کب ہوگا؟ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے متعلق کہنے کو بہت کچھ ہے مگر قومی یکجہتی کی وجہ سے خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو مشکل حالات سے نکالنے کے بعد حکومت کی نااہلیاں سامنے لائیں گے۔