چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑکر شہادت پانے والے ڈاکٹر اسامہ رضا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ رضا شہید نے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہوئے شہادت پائی ہے۔ انہوں نے شہید اسامہ رضا کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اسامہ رضا جیسے نوجوان ہی قوم کے ہیرو ہیں جو مشکل حالات میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی خاطر اپنی جان کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے ملک بھر کے تمام ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک وباءسے لڑکر قوم کو محفوظ زندگی دینے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی طرح باقی صوبوں کے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی زندگیاں محفوظ کرنے کے لئے تمام تدابیر کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی محنت اور جدوجہد سے ہم اس وباءپر قابو پائیں گے۔