چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ اقتدار کے ایوان بھی انکشاف کر رہے ہیں کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے دن گنے جا چکے ہیں۔ خان صاحب اور ان کی ٹیم کی یہ خام خیالی ہے کہ ان کے پاس پانچ ماہ کا وقت ہے جبکہ اس حکومت کے پاس اب چند ہی دن بچے ہیں جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ قوم ایسی نالائق اور نااہل حکومت کو اب مزید ایک دن بھی دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ دس سال سے گندم میں خودکفیل ملک آج گندم برآمد کرنے پر مجبور ہے۔ اس تبدیلی نے کسی بھی شعبے کو نہیں بخشا ہر طرف سونامی نے تباہی برپا کر رکھی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے کہا کہ سیاست، اخلاقیات، صحافت، عدالت کوئی بھی شعبہ تبدیلی کے مضر اثرات سے بچ نہیں پایا۔ انہوں نے کہا کہ دو سال تک عمران خان کی ٹیم آپس میں لڑ کر بحران پر بحران پیدا کرتی رہی ہے۔ عمران خان کی پوری ٹیم آپس میں دست و گریباں ہے اور کپتان دعویٰ کر رہے ہیں کہ ہم جیت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کے اپنے ہی وزن سے گرنے کا وقت آگیا ہے۔