پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا کہ ہم اپنے خلاف الزامات کا سامنا کرتے رہے ہیں اور عدالتوں سے باعزت بری ہوتے رہے ہیں۔ عوام کی عدالت میں بھی سرخرو ہوتے رہے ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم غیرملکی عدالتوں اور ملکی عدالتوں میں الزامات کا سامنا کرنے سے گھبرا کر بھاگ رہے ہیں۔ قادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان سیتا وائٹ کیس میں امریکی عدالت کو مطلوب ہیں۔ گرفتاری کے خوف سے عمران خان نے امریکہ کے دورے کے دوران سفارتی پناہ حاصل کی اور گرفتاری کے ڈر سے پاکستان کے سفارتخانے میں ٹھہرتے ہیں اور قوم کو باور کراتے ہیں کہ وہ کفایت شعاری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ قادر پٹیل نے کہا کہ مودی بھی سفارتی استثناءکی پناہ میں چھپتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میں ہمت ہے تو امریکہ میں سیتا وائٹ کیس میں عدالتوں کا سامنا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں بھی ممنوعہ فارن فنڈز کیس میں بھی الیکشن کمیشن سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میں عدالتوں میں الزامات کا سامنا کرنے کا حوصلہ اس لئے نہیں کیونکہ اندر سے وہ جانتے ہیں کہ الزامات سچے ہیں۔