پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہم وطن شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یومِ شہداءِ پولیس کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف لڑنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور ہم سب کو ان پر فخر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پولیس ہمیشہ دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف بڑی بہادری سے مقابلہ کرتی آئی ہے، جس کا ایک مظاہرہ ایک ماہ قبل کراچی اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف مزاحمت کے ذریعے بھی کیا تھا۔ پی پی پی چیئرمین نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جس میں تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اُن کو سلام پیش اور احترام کرتی ہے۔