چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مستقبل نوجوان کا ہے اور ان کا کل انشااللہ روشن ہوگا اگر وہ اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کے لئے درست سمت میں قدم اٹھائیں گے۔ پاکستان کی آبادی کا 64فیصد بیس سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوانوں کی آبادی کا سب سے بڑا تناسب ہے۔ نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو حقیقی طور پر بااختیار بنانا چاہیے اور نوجوانوں کو ملک کے معاملات میں شراکت داری دینے کے لئے پیپلزپارٹی کے منشور اور پیپلزپارٹی کی حکومتوںنے ہمیشہ نوجوان دوست پالیسیاں متعارف کروائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ پہلے سیاسی لیڈر تھے جنہوں نے پورے ملک کے نوجوانوں کو متحرک کیا تھا جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نوجوانوں کے لئے تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کئے تھے۔ پیپلزپارٹی وہ واحد پارٹی ہے جس نے ملک میں سب سے زیادہ تعلیمی ادارے بنائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے نوجوانوں کی نمائندگی کے لئے لوکل باڈیز میں نوجوانوں کے خاص نشستیں مختص کیں اور آنے والے انتخابات میں بھی وہ ایسا ہی کرے گی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان اب ملازمتیں دینے کے دعویداروں کا پردہ چاک کرے گا کیونکہ یہ دعویدار نوجوانوں کا استحصال کرکے ان کے خوابوں کو روند رہا ہے۔ پاکستانی نوجوان آئین اور پارلیمنٹ کی چھتری کے تلے خوشحالی کا ایجنڈا دیکھنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیںکہ جمہوریت پھلے پھولے تاکہ نوجوانوں کو ان کی استطاعت کے مطابق بااختیار بنایا جا سکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اب اپنے نوجواب بیٹوں اور بیٹیوں کی طرف دیکھ رہا ہے کہ تاکہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر اور ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر نمودار ہو۔