میرپورخاص (07 ستمبر 2020) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سندھ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصان کا ازالہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص میں پارٹی کے منتخب اراکین اسمبلی، تنظیمی عہدیداران اور علاقے کے معززین کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں وہ بارش متاثرہ علاقوں کے دورے پر پہنچے تھے۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ایم این اے میر منور تالپور، صوبائی وزراء سہیل انور سیال، ہری رام کشوری لال، سردار شاہ، شبیر بجارانی، اور تیمور تالپور، اراکین اسمبلی شرجیل میمن، ذوالفقار شاہ، ارباب لطف اللہ، شگفتہ جمانی، امداد پتافی، مہیش ملانی، حاجی نور احمد بھرگڑی اور شمیم آرا پنہور، پارٹی عہدیداران عاجز دھامراہ، جاوید نایاب لغاری، سہراب مری، منصور شاہانی، خیرالنساء مغل، غلام علی نظامانی، اور دیگر بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں پانی بُرد ہوگئیں، چھوٹے کاروبار سے منسلک تاجروں کا بھی بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر متاثرین کی امداد اور معیشت کی بحالی کے لیئے اقدام اٹھائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیرِ آبپاشی سہیل انور سیال نے پارٹی چیئرمین کو میرپورخاص ضلعے میں ایل بی او ڈی اور ڈھورو نارو کی پشتتوں میں پڑنے والے شگاف کے اسباب، نقصان اور حل کے متعلق بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیرِ آبپاشی کو ہدایات دیں کہ وہ ایل بی او ڈی اور ڈھورو نارو کی پشتوں کو مضبوط بنانے اور آئںدہ اس طرح کی صورتحال سے بچنے کے لیئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع میرپورخاص سے منتخب پارٹی کے اراکین اسمبلی سے بھی صورتحال معلوم کی اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں عوام سے ایک سیکنڈ کے لیئے بھی دور نہیں ہوسکتی۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے عہدیدران و کارکنان پر مشتمل وفود سے بھی ملاقاتیں کیں، اور انہیں ہدایات دیں کہ وہ بارش متاثرین کی امداد کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان عوام میں میرے سفیر ہیں، وہ عوام کی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ خدمت کریں جو میرا عزم و مشن ہے۔ دریں اثناء، بلاول بھٹو زرداری سندھڑِی ایئرپورٹ سے ہزاروں گاڑیوں کے قافلے میں میرپورخاص پہنچے، تو عوام کا سمندر پی پی پی چیئرمین کی ایک جھلک دیکھنے کے لیئے اُمڈ آیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا، ان کی گاڑی پر گلپاشی کی گئی، اور جیئے بھٹو کے نعروں سے پورا شہر گونجتا رہا