اسلام آباد / کراچی ، 24 ستمبر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو نیب کے نوٹس کی مذمت کی ہے اور اسے نیب کے ذریعے حزب اختلاف کے سیاستدانوں پر دباؤ ڈالنے کی عمران احمد نیازی کی کوشش قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری ایک بیان میں ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے خوفزدہ ہے اور اے پی سی کے بعدسیاسی رہنماؤں کو نیب کا نوٹس بھیجنا وفاقی حکومت کی بوکھلاہٹ کا عکاس ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران احمد نیازی حکومت اب عوام کی مزاحمت کو دبا نہیں سکتی ہے چاہے وہ نیب یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنائے، عوامی مزاحمت نہیں رک سکتی۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت جے یو آئی-ف رہنما مولانا فضل الرحمن اور حزب اختلاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف اس طرح کے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کرے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے لئے الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے کیونکہ لوگ اس کی عوام دشمن ، جمہوریت مخالف اور معیشت مخالف پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔