اسلام آباد(26 ستمبر 2020) قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پشاور بی آرٹی عمران خان اینڈ کمپنی کی میگا کرپشن کا بہت بڑا ثبوت ہے۔ بی آرٹی پر چلنے والی بسیں بھی نیازی کی کرپشن کی گواہی دے رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیب عمران خان کی کرپشن میں سہولت کار بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹریز منصوبہ کرپشن اور لوٹ مار کی عجب داستان ہے۔ اس طرح مالم جبہ اسکینڈل نے بھی عمران خان کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے پی کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اب تو پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی بھی وزراءکی لوٹ مار اور لوٹ مار کی رقم بنی گالہ محل بھیجنے کی سرگوشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ لے کر عمران خان خود کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے آئے ہیں۔