اسلام آباد( 29 ستمبر 2020) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور مودی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، یہی وجہ ہے کہ عمران خان دشمن ملک بھارت سے تو نہیں لڑتے اپنے ہی ملک میں داداگیری کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان کا کرپشن بیانیہ علیمہ خان کی سلائی مشین سے بے نقاب ہو چکا ہے۔ بنی گالہ محل کی ہر اینٹ چندے میں خردبرد کی داستان سناتی ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تشکیل کے بعد عمران خان مزید بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔ ان کا احتساب کا ڈھول پھٹ چکا ہے۔ جس احتساب کی نگرانی شہزاد اکبر جیسا بہروپیا کر رہا ہو اس کی کیا ساکھ ہو سکتی ہے؟ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان کرپشن بیانیہ ڈھونگ تھا۔ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر ہر کرپٹ قبضہ خور جعلی دوائیں تیار کرنے والوں اور انسانی خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کو اکٹھا کیا گیا ہے۔ پلوشہ خان نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے اقتدار کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔ مستقبل قریب میں عمران خان کے پاس صرف مراد سعید ہی رہ جائے گا۔