(4 اکتوبر2020) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حبیب جالب کا خواب پورا ہوا۔ پنجاب بھی جاگ گیا ہے۔ پنجاب بھی سندھ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی صف میں کھڑا ہواگیا ہے۔ اب پنجاب کے سیاسی کارکنوں پر بھی دیگر صوبوں کی طرح بغاوت کے مقدمات درج ہو رہے ہیں۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ 70 سال کے اس فرسودہ بیانیہ کو سندھ، بلوچستان اور کے پی کی طرح پنجاب نے بھی مسترد کر دیا ہے۔ پورا ملک ہائبرڈ نظام کے خلاف ہے۔ جتنے غداری کے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں۔ جمہوری سیاسی کارکنوں کے لئے تو بغاوت اور غداری کے مقدمات تمغے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہا کہ غداری کے الزامات تو بانی پاکستان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید پر بھی لگائے گئے تھے۔ جن جن پر غداری کا الزام وہ قوم کے ہیرو ہیں اور ان پر الزامات لگانے والے کود خاک ہو چکے ہیں۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور میڈیا کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔