اسلام آباد (8 اکتوبر 2020) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ وزراءاور معاونین میں پائی جانے والی کھلبلی عمران خان کی پریشانی ظاہر کرتی ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم چاہے پورے ملک کو جیل بھی بنائیں مگر انہیں اقتدار چھوڑنا ہی پڑے گا۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اب عمران خان معافی ناموں کی درخواست لکھ کر جیب میں رکھ لیںکیونکہ ان کا عوامی احتساب شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام سے تنخواہ لیتے ہیں۔ وہ عوام کا راستہ نہیں روک سکتے اور نہ ہی کٹھ پتلی وزیراعظم کو سہارا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں نے چار آمروں کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی تو ایک دھکے کی مار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پی ڈی ایم کے جلسوں کا شیڈیول آیا ہے۔ جب یہ جلسے ہوں گے تو سلیکٹڈ وزیراعظم کو دن میں بھی تارے نظر آئیں گے۔