قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکرفیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کل قومی اسمبلی اور گوجرانوالہ میں عمران نیازی کی سیاسی پٹائی کے بعد زلفی بخاری، شبلی فراز اور شہباز گل کا گھبرانا بنتا تھا۔ آج عمران نیازی کا اپنے ٹائیگرز سے خطاب کے دوران سلیکٹڈ کا لب و لہجہ بتا رہا ہے کہ وہ ساری رات سوئے نہیں تھے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیان بازی کرکے زلفی بخاری اپنے اور اپنے والد کے کردار پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ کون نہیں جانتا کہ زلفی بخاری کے والد انسانی اسمگلر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں اور وی اے ٹی کے فراڈ میں ملوث رہے ہیں اس لئے تو قوم سوال کر رہی ہے کہ ہر فراڈی اور نوسر باز کا عمران خان سے قریبی تعلق کیوں ہے؟ قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اسد قیصر قومی اسمبلی کا محافظ بننے کی بجائے عمران نیازی کے ٹائیگر بنے ہوئے ہیں۔ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ پارلیمان کی تاریخ اسد قیصر کو اچھے الفاظ میں یاد نہیں کرے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران نیازی کے والد کو بھی کرپشن ثابت ہونے پر نوکری سے نکالا گیا تھا جبکہ عمران اور علیمہ نے خیرات اور صدقات کی رقم کو چوری کرنے میں بھی کوئی شرم محسوس نہیں کی تھی۔