سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مریم نواز سے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدہ کے انتقال پر میاں شہباز شریف کو پے رول پر رہا کیا جائے تاکہ دکھ کی ان گھڑیوں میں شہباز شریف اپنے خاندان کے ساتھ رہیں۔ آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کے انتقال سے اولاد بے مثال نعمت سے محروم ہو جاتی ہے۔ سابق صدر نے مرحومہ شمیم اختر کی مغفرت اور ان کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔