اسلام آباد( 31 دسمبر 2020) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو پی ڈی ایم کی فکر نہیں کرنی چاہیے، اپنی حکومت کی فکر کریں جو مانگے تانگے کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے، استعفے معمولی چیز ہیں۔ پیپلزپارٹی کے جیالے جان کا نذرانہ بھی دینا جانتے ہیں۔ اسمبلی کی نشستیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی امانت ہیں۔ پارٹی چیئرمین جانتے ہیں کہ استعفیٰ کارڈ کب استعمال کرنا ہے۔ اپنے ایک بیان میں قادر پٹیل نے کہا کہ آصف علی زرداری کی ایک دھمکی پر آمر پرویز مشرف ایوان چھوڑ کر بھاگے تھے عمران خان کس کھیت کی مولی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو خود اپنا پتہ نہیں ہے کہ وہ کل کس پارٹی میں ہوں گے کیونکہ وہ ایک پارٹی میں تو ٹکتے نہیں ہیں۔ قادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان اپنا کنٹینر تیار رکھیں اور یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ اب وہ اکیلے ہی کنٹینر پر کھڑے ہوں گے۔