پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں وزیراعظم بننے کے لئے آدھے درجن لوگ خود کو وزیراعظم کے عہدے کے لئے پیش کر رہے ہیں، سب سے زیادہ بے چین اور بے قرار شاہ محمود قریشی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ ہو چکا ہے، مقام کا فیصلہ بھی مشاورت سے ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کے اجلاس میں موثر اور واضح بیانیہ رکھا۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ چور حکومت کے لئے انتخابی میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ قوم چاہتی ہے کہ عمران خان عزت سے چلے جائیں مگر باعزت طریقے سے جانا عمران خان کی ڈکشنری میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مضبوط اور مستحکم ہے اور پی ڈی ایم کی ساری قیادت ایک صفحہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور دیگر وزراءکو پی ڈی ایم کے استعفوں سے زیادہ عمران خان کے جانے کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے اب اس بات پر غور ہورہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کس مقام پر کیا جائے۔