کراچی / اسلام آباد ( 3 جنوری 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے سابق گورنر شہید سلمان تاثیر کو ان کی 10 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ شہید سلمان تاثیر انتھا پسندی کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے رہے اور سماج کے کمزور طبقات کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ یکساں حقوق اور بے آواز و پسماندہ شہریوں کے تحفظ کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مساوات، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے کاز کی خاطر بہت بھگتا اور بیشمار قربانیاں دی ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ملک میں مذہب، ذات پات، لسانیت یا نسل کی بنیاد پر کسی بھی قانون کے غلط استعمال کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی تمام زندگی جمہوریت و رواداری کے لئے جدوجہد کی اور ملک کے بانی اجداد کے نظریئے کی پیروی کرنے کی پاداش میں انہیں شہید کریا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریات کو آگے بڑھاتی رہے گی، جس کی خاطر شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید سلمان تاثیر، شہید شہباز بھٹی اور دیگر ہزاروں لوگوں نے پاکستان کو ایک مساوات، جمہوری اور مسلم ورلڈ کا ایک رول ماڈل ملک بنانے کے لئے قربانیاں دیں ہیں۔