اسلام آباد (4جنوری 2021) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین اور پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کو ان کے 93ویں یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عوام کو سوچنے کے لئے سیاسی شعور، بولنے کے لئے زبان اور فخر سے سر اٹھا کر جینے کا ڈھنگ سکھایا اور قوم کو 1973ءکا متفقہ دستور دیا جو آج بھی وفاق کی ضمانت ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتے تھے اور عوام سے لازوال عشق کرتے تھے۔ وہ صدیوں سے کچلے ہوئے اور استحصال کے شکار غریبوں کے حامی اور مددگار تھے اور کمزور طبقات کی مضبوط اور موثر آواز تھے۔ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید دنیا بھر کے مسلمانوں کے اتحاد کی علامت تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی چیئرمین کے فلسفے اور افکار کو مشعل راہ بنا کر ان کے نقش قدم پر ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے جیالے اور ہمدردوں کی بہت بڑی فتح ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے مخالفین بھی ان کی قوم اور ملک کے خدمات کو سراہتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی اس عہد کی تجدید کرتی ہے جمہوریت اور آئین پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔