اسلام آباد (5 جنوری 2021) پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین اور پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر پیپلزپارٹی شعبہ خواتین اسلام آباد سٹی کی صدر صدف مرتضی کی طرف سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا، پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، سید سلیم حیدر، سبطل حسن بخاری، شہزادہ افتخار، زمرد خان، ابرار رضوی سمیت پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے پارٹی کے بانی چیئرمین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان رہنماﺅں نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ نالائق حکمرانوںنے ملک کو شدید بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ان کی نالائقی کی وجہ سے پاکستان کے دوست ممالک بھی ناراض ہوگئے ہیں۔ ان رہنماﺅں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ٹاس کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور سب کو علم ہے کہ ٹاس کون کھیلتا ہے۔