اسلام آباد( 13جنوری 2021) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات اور ممبر قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پر الزامات لگانے والوں کا مقدر شرمندگی ہے۔ شہزاد اکبر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ شہزاد اکبر کا نیب میں ہونا ہی نیب کے منہ پر طمانچہ ہے۔ نیب کی ساکھ پہلے ہی کوئی نہیں تھی شہزاد اکبر کے آنے کے بعد نیب مزید بدنام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوریت دشمن سوچ رکھنے والوں کی آخری ایجاد ہے 24سال تک عمران نیازی کو سازشیں اور گالیاں سکھائی گئی ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی کو اقتدار میں لانا جمہوریت سے انتقام ہے۔ قوم یاد رکھے گی کہ عمران نیازی نامی کوئی نالائق وزیراعظم بھی لایا گیا تھا جس نے اڈھائی سال کے اندر ملک کی معیشت اور خارجہ امور کا ملیا میٹ کر دیا تھا جس کی کرپشن کی وجہ سے نہ بجلی ہے نہ گیس۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ اس سلائی مشین کو عوام کے سامنے لایا جائے جس سے علیمہ باجی نے اربوں روپے کمائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت ہی کرپٹ مافیا کی بے ساکھیوں پر کھڑی ہے۔