اسلام آبا(19 جنوری 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ نیب کے سیاسی انجینئرنگ سے بعد جعل سازی اور فراڈ کے راز فاش ہو رہے ہیں، براڈ شیٹ اسکینڈل نیب کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اب ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ نیب اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا شور مچاکر عوام کی مقبول سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔ عوام کے منتخب نمائندے ہر سال اپنے اثاثے ظاہر کرتے ہیں جبکہ آمروں سے نہ آئین شکنی اور نہ ہی اثاثوں کے متعلق پوچھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جدوجہد سے جمہوریت آزاد ہوگی کیونکہ بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی بحال ہونے سے ہی جمہوریت کی آزادی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اپنی ساکھ کھو چکا ہے، اس پر کسی کا کوئی اعتبار نہیں ہے۔