اسلام آباد(19 جنوری 2021) پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر روبینہ خالد نے مراد سعید کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان پوسٹ میں 115 ارب روپے کے اسکینڈل کا جواب دیں اور بتائیں کہ وہ 200 ارب ڈالر کہاں ہیں جو عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کے خزانے میں آنے تھے وہ کہاں گئے؟ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈز کے بعد سلائی مشین کی کمائی کا بھی جواب دینا ہوگا اور یہ راز بھی فاش ہوگا کہ کس طرح چندے کی رقم باجی علیمہ کے اکاﺅنٹس میں جاتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی پیسے کا لالچی تھا دولت کی حرص میں پکڑا گیا ہے کیونکہ انہیں اس بات سے غرض نہیں تھی کہ ڈالر کون دے رہا ہے اور کیوں دے رہا ہے۔ عمران نیازی کو اپنی چوری پکڑے جانے کا خوف لاحق تھا اس لئے ممنوعہ فنڈز کیس میں الیکشن کمیشن سے بھاگ رہے تھے بالآخر انہوں نے اپنے جرم کا اقرار کر ہی لیا ہے۔