اسلام آباد(24 فروری2021) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سینٹ سیٹ کا سوداگر بے نقاب ہو چکا ہے۔ عمران خان خود ہی سینیٹ سیٹ کی بولی لگاتے ہیں اور پھر شور بھی مچاتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف چاروں صوبوں میں ان کی اپنی پارٹی فریاد کر رہی ہے جو حقیقت میں ان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ عمران خان اپنی پارٹی میں ہی بے نقاب ہو چکے ہیں اور جانتے ہیں کہ ان کے ذاتی دوستوں، مالی سہولت کاروں اور اے ٹی ایم مشینوں کو ووٹ نہیں ملیں گے اس لئے عدالت کے پیچھے چھپ رہے ہیں مگر ایک شخص کی خواہش پر آئینی انتخابی طریق کار تبدیل نہیں ہو سکتا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کے پاس ایک ہی باعزت راستہ ہے کہ وہ ملک اور عوام کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی بھی جان چھوڑ دیں۔