پی ٹی آئی کے رکن کے پی اسمبلی ضیا اللہ آفریدی نے صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی اور برہمن تنگی بھی موجود تھے۔ ضیااللہ آفریدی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پختون عوام کو شناخت دی این ایف سی ایوارڈ دیا اور سب سے بڑھ کر صوبوں کو خودمختاری دی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے وژن سے ملک ترقی کرے گا۔ سابق صدر نے ضیااللہ آفریدی کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر ان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔ پارٹی کو منظم کیا جائے اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام نوجوانوں
تک پہنچایا جائے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کے پی کے عوام نے ملک کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ شدت پسندوں اور دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے عوام کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات جیت کر کے پی میں حکومت بنائے گی اور ان کے مسائل حل کرے گی۔