کراچی (29 نومبر 2017) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہا ہے کہ کارکنان تجدید عہد اور عزم وفا کرلیں کہ پارٹی مشن کو اسی جذبے کے ساتھ آئندہ نسلوں اور آنے والے ادوار میں آگے بڑہاتے رہیں گے۔ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی گولڈن جوبلی تقریبات، جو  کہ کل بروز جمعرات سے ملک بھر میں منائی جائیں گی، کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ انہیں پارٹی، اس کی تاریخ اور پچاس سالہ سفر کے دوران دی جانے والی قربانیوں اور کارناموں پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکوم لوگوں  کے جمہوری حقوق کے لیئے پانچ دہائیوں پر محیط جدوجہد کے دوران ہم نے پارٹی کے دو سربراہان شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہزاروں کارکنان کو گنوایا۔ عظیم مشنز بڑی قربانیاں مانگتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی نے جمہوری جدوجہد کے دوران بنسبت معاصر دنیا سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ پھانسی گھاٹ سے عقوبت خانوں اور سرعام کوڑے کھانے تک پی پی پی رہنماوَں اور کارکنان نے ہر طرح کے ظلم و جبر کا سامنا کیا۔ پچاس سالوں کے دوران پی پی پی کو حدف بنانے کے لیئے کئی پانی کے بلبلوں جیسے اشخاص اور گروہوں میں ہوا بھری گئی لیکن وہ گم ہوتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قوم کو پہلی بار متفقہ آئین کا تحفہ دیا اور ناقابل تسخیر، معاشی طور مستحکم اور مساوات پر مبنی پاکستان کی بنیاد رکھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی گولڈن جوبلی ملک بھر کے ایک سئو سے زائد اضلاع کے ھیڈکوارٹرز میں کل بتاریخ 30 نومبر منائی جائیگی۔ پارٹی کی ضلعی تنظیموں کی جانب سے پارٹی کے بانیان اور جدوجہد کے دوران قربانیاں دینے والے کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیئے مختلف تقریبات اور پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں۔  اسی سلسلے میں ایک عظیم الشان جلسہ عام 5 دسمبر کو اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں ہوگا، جہاں ملک کے ہر کونے سے آنے والے کارکنان پارٹی کے نوجوان چیئرمین کا خطاب سنیں گے جس میں وہ آئندہ پچاس سالوں کے لیئے پارٹی کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔ گوڈن جوبلی کے سلسلے میں گذشتہ ہفتے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہم ہر کسی کی توقعات پر ہمیشہ پورا نہیں اتر سکتے لیکن گذشتہ ہفتے دیگر جماعتوں کے حالات دیکھ کر کہتا ہوں کہ مجھے پیپلز پارٹی پر فخر ہے۔ پی پی پی پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جس نے عوام سے اپنے روابط بڑہانے کے لیئے ہولوگرام ٹیکنالاجی بروئےکار لائی ہے۔ ہولوگرام ٹیکنالاجی کو متعارف کرانے کی ضمن میں بیک وقت کئی شہروں میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید ٹیکنالاجی کا استعمال ان کے تکنیکی طور ترقی یافتہ پاکستان کے ویژن کا آئینہ دار ہے۔ کیوں کہ ہم ہی رجحانات متعارف کرانے والے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کے بدترین حملوں، سازشوں اور میڈیا ٹرائیلز کے باوجود پی پی پی آج بھی موجود ہے اور آگے بھی اپنا تاریخ ساز کردار نبھاتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساوات پر مبنی جمہوری اور ناقابل تسخیر پاکستان بنانے کی جدوجہد کے دوران ہم نے اپنا بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہزاروں کارکنان کی قربانیاں دیں، لیکن ہماری جدوجہد جاری ہے اور جمہوریت و غریب عوام کا کارواں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔