پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما و سابق وزیراعلیٰ سندھ مرحوم سید عبداللہ شاہ کو ان کی 12 ویں برسی کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ برسی کی مناسب سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مرحوم سید عبداللہ شاہ ہمہ گیر شخصیت کے مالک اور نڈر و بااصول رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملک میں بحالی جمہوریت کی جدوجہد اور عوامی حقوق کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس پر پارٹی کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم عبداللہ شاہ نے مشکل حالات میں وزارتِ اعلیٰ کا قلمدان سنبھالا اور سازشوں کا باوجود صوبے میں امن و امان کو یقینی بنایا اور ترقی کے راستے کھولے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے پر سختی سے کاربند اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ ہر طرح کے حالات میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی پاداش میں مرحوم عبداللہ شاہ کے خلاف جھوٹے الزامات و مقدمات گھڑے گئے، جلاوطن ہونے پر مجبور کیا گیا اور ان کے خلاف تمام تر ہتھکنڈے و ناانصافیاں آزمائی گئیں، لیکن وہ غیرمتزلزل عزم اور اٹل حوصلے کے ساتھ زندگی کی آخری گھڑی تک بھٹو ازم پر قائم رہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرحوم عبداللہ شاہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، وہ عوام میں ہمیشہ معزز و محترم رہیں گے۔