کراچی (05 مئی 2019) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے مختلف شہروں میں پئٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے بعد جیالوں پر مقدمات درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پئٹرول قیمتوں میں اضافے کے خلاف پرامن مظاہرین پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کٹھ پتلی حکمرانوں نے عوامی احتجاج کو دبانے کے لیئے پُر تشدد تیاریاں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیامینٹ سے مفرور بے نامی وزیراعظم اب عوام سے پرامن احتجاج کا جمہوری حق بھی چھین رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتقام کی آگ میں اندھی حکومت نے لودھراں کے مرحوم جیالے عاشق بوپا کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل وزیراعظم سیاسی کارکنان کے خلاف مقدمات کے بجائے عوام سے جھوٹ بولنے کی معافی مانگے۔ پی پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ ملتان، لودہراں، ڈیرہ غازی خان اور بھاولپور میں جیالوں کے خلاف مقدمات فی الفور واپس لیئے جائیں۔