کراچی (13 مئی 2019) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے میسر علاج معالجے کی بھترین سہولیات نہ فقط صوبے کی عوام بلکہ ملک بھر سے آنے والے مریض بھی اس مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وبائی و دیگر پھیلنے والے امراض کی روکتھام کے لیئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ پی پی پی چیئرمین نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے صحت سے منسلک معاملات پر بلاول ہاوَس میں منعقدہ بریفنگ کے دوران کیا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور مرتضیٰ وہاب کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ این آئی سی وی ڈی ہسپتال کا نیٹ ورک سندھ کے بالائی، زیریں اور وسطی علاقوں میں عوام کو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات چوبیس گھنٹے فراہم کر رہی ہیں، جبکہ ملک کے چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے آنے والے مریض بھی ان سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو فنڈز کی کم فراہمی کے باوجود عوام کو صحت کی بھتر سہولیات کو ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ عوام کو علاج معالجے کی بھتر سہولیات پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور میں اولین ترجیحات میں شامل تھی۔