پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخواہ میں جاری انسداد پولیو مہم میں مصروف عمل پولیو ورکرز پر دہشتگردانہ حملوں کی مذمت اور اس طرح کے واقعات میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے بنوں کے علاقے کالا خیل مستی خان اور کرک میں حملوں کے نتیجے میں ایک پولیو ورکر اور پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہدائ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں سے بھی دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پولیو ٹیموں پر حملے کے متعلق گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لیے پولیو ورکرز کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخواہ حکومت پولیو ورکرز کے تحفظ اور مہم کی کامیابی کو یقینی بنائے۔