پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخواہ کے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی پر دہشگردانہ حملے کی مذمت اور اس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت دو اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے شہید ہونے والےاہلکاروں اے ایس آئی حسن خان اور سپاہی نثار خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کبھی اپنے شہداءکی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے بھی دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حملے میں زخمی ہونے ولے دو اہلکاروں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخواہ پولیس کی قربانیوں کو بے مثال اور لازوال قرار دیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئِی کی خیبرپختونخواہ حکومت کی مجرمانہ عدم دلچسپی ہمارے قومی عزم کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی کچھ بھی کرلے، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں ہمارے شہداءکی قربانیاں رنگ لائیں گی اور اس لڑائی میں جیت پاکستان کی ہوگی۔ |