پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کیل??ے ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے پاکستان کے لسانی ورثے کے تحفظ کے لیے لسانی تحقیقی مراکز کے قیام، مادری زبانوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے اور ادبی و ثقافتی اقدامات کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاﺅس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مادری زبان صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری شناخت، تاریخ اور ثقافتی ورثے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مادری زبان میں تعلیم کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بچے اپنی مادری زبان میں سب سے آسان و بہتر انداز میں سیکھتے ہیں، جس سے ان کی ذہنی نشوونما، تخلیقی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو تقویت ملتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے لسانی تنوع کی علمبردار رہی ہے اور ایک ایسا پاکستان اس کا خواب ہے جہاں ہر مادری زبان کو اس کا جائز مقام دیا جائے، ہر ثقافتی شناخت کو تسلیم کیا جائے اور کسی بھی زبان کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج جب ہم عالمی یوم مادری زبان کی سلور جوبلی منا رہے ہیں، تو ہمیں اپنی متنوع لسانی لیگسی کے تحفظ اور فروغ کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔ ہماری مادری زبانوں میں ہمارے بچپن کی لوریاں، ہمارے بزرگوں کی دعاﺅیں اور ہمارے مستقبل کے نغمے سمائے ہوئے ہیں، ان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔