پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ خواتین کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی قوت، استقامت اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک خواتین کو برابر کے حقوق، عزت اور مواقع فراہم نہ کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنفی مساوات محض ایک نعرہ نہیں بلکہ انصاف اور جمہوریت کا بنیادی اصول ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے لیے ان کی جدوجہد امید کی ایک روشن علامت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی نانی بیگم نصرت بھٹو اور اپنی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے عظیم قربانیاں دیں اور آمرانہ قوتوں کے خلاف بے مثال جرات سے مقابلہ کیا۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر رکاوٹ کو توڑتے ہوئے خواتین کے لیے قیادت کے دروازے کھولے اور نسل در نسل خواتین کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ ایک ایسا ماحول تشکیل دینا ضروری ہے جہاں خواتین خود کو محفوظ محسوس کریں اور ترقی میں برابر کی شراکت دار بنیں۔ اس یومِ خواتین کے موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے اس تاریخی عزم کو دہرایا کہ ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر عورت کی آواز سنی جائے، اس کی قدر کی جائے اور اس کا احترام کیا جائے۔