ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کے خلاف ایف آئی اے کی انکوائری قابلِ افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ ایف آئی اے نے فرحت اللہ بابر کے خلاف ایک بے بنیاد انکوائری کا آغاز کیا ہے۔ دہائیوں سے سینیٹر فرحت اللہ بابر مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہے، انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کی، اور اقتدار کے سامنے وقار اور اخلاقی بصیرت کے ساتھ احتساب کا مطالبہ کرتے رہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ یہ سراسر مضحکہ خیز ہے کہ فرحت اللہ بابر پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر گزشتہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصہ سے کسی بھی سرکاری عہدے پر فائز نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر ایک نجی شکایت کی بنیاد پر شروع کی گئی یہ انکوائری نہ صرف بے وقت بلکہ اس کے پیچھے مقاصد بھی مشکوک نظر آتے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ فرحت اللہ بابر کی پوری سیاسی زندگی دیانت، اصول پسندی اور جمہوری اقدار سے وابستگی کی ایک روشن مثال ہے۔ ایسے ہتھکنڈے نہ صرف عوام کے اداروں پر اعتماد کو متزلزل کرتے ہیں بلکہ ا ±ن لوگوں کے حوصلے پست کرتے ہیں جو سچ بولنے کی جرآت رکھتے ہیں۔ |