پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی اور اس ملاقات کے بعد چیئرمین پی پی پی اور وزیراعظم نے اس ملاقات کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دونوں وفود کے غوروخوص کے بعد اہم فیصلہ لیا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے کے بغیر نہریں نہیں بنائی جائیں گی ۔ دو مئی کے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس ملاقات کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی کہ کوئی نہر نہیں بن رہی۔ کالا باغ ڈیم کے خلاف تین صوبوں نے اعتراض کیا اور آج ہم مل کر فیصلہ لے رہے ہیں کہ نہریں اتفاق رائے کے بغیر نہیں بنیں گی۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کے متعلق اعلانات کی ہم مذمت کرتے ہیں اور عوامی سطح پر انڈس کا کیس اٹھائیں گے اور بھارت کے فیصلے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔