پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن اقلیتی ونگ کی جانب سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے “پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد” ریلی کا انعقاد کر رہی ہے۔ یہ ریلی بروز اتوار بوقت 5بجے شام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے مقام پر منعقد کی جائے گی۔ پی پی پی راولپنڈی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سہیل رومی، نائب صدر لطیف انجم چوہان ، نعمان غوری، سلیم سوہترا، طارق غوری، عامر بھٹی ، گلزاری بیگم، سمیرا خان، خالد غوری اور دیگر عہدیدار اس ریلی کی قیادت کریں گے۔ سہیل رومی نے اقلیتی ونگ کے اراکین کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی اور اسلام آباد کے قائدین اور کارکنوں سے اس ریلی کو کامیاب بنانے کی درخواست کی ہے۔ سہیل رومی نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس طرح دشمن کے دانت کھٹے کئے ہیں وہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک میں یکجہتی کی فضا ہموار کرکے اس جنگ میں پاکستانی قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنا دیا۔ پاکستانی افواج کے سپریم کمانڈر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کی ہدایات کے مطابق اس مشکل امتحان میں پارٹی کارکنوں نے اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گاا ور اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لاتی رہے گی۔