پاکستان پیپلز پارٹی کے انسانی حقوق سیل کو ایک نجی چینل کی معروف خاتون اینکر پرسن کو مذہب کے نام پر دی جانے والی دھمکیوں پر گہری تشویش ہے اور تمام ریاستی حکام سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور اینکر پرسن کو ٹرولنگ اور دھمکیوں سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آج ایک بیان میں پی پی پی انسانی حقوق سیل کے صدر سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بھی انسانی حقوق کے اداروں اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں اور متاثرہ اینکر پرسن کو تحفظ دیں۔ آج یہ خاتون صحافی ہے، کل کوئی اور ہو گی۔ اس نے جرمن پادری مارٹن نیمولر کا حوالہ دیا جس نے نازیوں کے ہاتھوں جرمنی کی تباہی کے بعد کہا تھا:۔
“پہلے، وہ کمیونسٹوں کے لیے آئے اور میں نے اس لیے بات نہیں کی کیونکہ میں کمیونسٹ نہیں تھا۔
“پھر وہ سوشلسٹوں کے لیے آئے اور میں نے اس لیے بات نہیں کی کیونکہ میں سوشلسٹ نہیں تھا۔
“پھر وہ ٹریڈ یونینسٹ کے لیے آئے اور میں نے کوئی بات نہیں کی، کیونکہ میں ٹریڈ یونینسٹ نہیں تھا۔
“پھر وہ یہودیوں کے لیے آئے اور میں نے بات نہیں کی کیونکہ میں یہودی نہیں تھا۔
”پھر وہ میرے لیے آئے اور بولنے والا کوئی نہیں تھا“۔
فرحت اللہ بابر نے معاشرے کے تمام طبقوں اور علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کریں اور متاثرہ اینکر پرسن کے ساتھ یکجہتی کے لئے کھڑے ہوں اور ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ ٹرولنگ، ڈرانے اور ہراساں کرنے سے گریز کریں۔ ”یہ نہ بھولنا چاہیے کہ خدا ہے جس کی چکی جب پیسنے لگتی ہے تو بہت باریک پیستی ہے“، فرحت اللہ بابر نے کہا۔