پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکن سندھ اسمبلی محترمہ فریال تالپور نے پیپلز پارٹی کے بانی اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی سالگرہ کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، محترمہ فریال تالپور نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو صرف ایک رہنما نہیں تھے؛ وہ ایک نظریہ، ایک آواز، اور پاکستان کے عوام کے لیے امید تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی مظلوموں کو طاقت دینے، پسماندہ طبقات کو عزت دینے، اور جمہوریت اور مساوات کے مقصد کو بلند کرنے کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو صاحب کی پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سماجی منظرنامے میں بے مثال خدمات آج بھی قوم کے لیے رہنمائی اور تحریک کا ذریعہ ہیں۔ عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور ظلم کے خلاف لڑنے کا ان کا ورثہ، ا ±ن تمام لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے جو ایک منصفانہ اور خوشحال پاکستان کا خواب دیکھتے ہیں۔ محترمہ فریال تالپور نے قوم سے اپیل کی کہ قائد عوام کے وڑن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جمہورفی اقدار کو برقرار رکھا جائے، سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے اور ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ آج، آئیے ہم قائد ِ عوام کے نقشِ قدم پر چلنے کا عہد کریں اور اس پاکستان کے لیے کام کریں جس کا انہوں نے خواب دیکھا تھا—ایک ایسا پاکستان جہاں ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ |