خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران خاتون اول کو پروفیسر ڈاکٹر پین شیانگ بن کی سربراہی میں چینی ماہرین ِامراض قلب کی ٹیم نے بریفنگ دی۔ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں الٹراساو ¿نڈ رہنمائی کے تحت دل کی پیدائشی بیماریوں اور دل کی ساخت سے متعلق بیماریوں کا جدید طبی طریقہ کار سے چینی تعاون سے پہلی بار علاج کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زئے ڈونگ اور کمانڈنٹ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میجر جنرل نصیر احمد سامور بھی موجود تھے۔اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ چین ایسی طبی خدمات کا دائرہ بلوچستان تک بھی بڑھائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستانی ڈاکٹروں کو جدید طریقہ علاج کے بارے تربیتی مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھائے گا۔خاتون اول نے شعبہ صحت میں تعاون پر چینی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دل کے مریضوں کو جدید ترین علاج فراہم کرنے پر آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کی انتظامیہ کو بھی سراہا۔اس موقع پر خاتون اول نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں پھول پیش کئے۔علاوہ ازیں ، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کے کمانڈنٹ نے خاتون اول کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔