پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور اس کے نتیجے میں سابق سینیٹر سمیت تین افراد کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے ضلع باجوڑ کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں پیش آنے والے دہشتگردانہ واقعے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور دہشتگردوں کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھونے کی تکلیف کو میں سمجھ سکتا ہوں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ پاکستتان سے دہشتگردی کی عفریت کا خاتمہ ملک کی تمام جمہوریت پسند جماعتوں کا متفقہ ایجنڈا ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کاوشوں کی بھرپور حمایت کرتی رہے گی۔