چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان اور گھوٹکی میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گھوٹکی ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ میںاور میری پارٹی عبدالسمیع سموں شہید، عبدالحنان شہید اور شفیق احمد شہید کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہیں۔ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان ضلع میں ڈاکووَں کی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور رحیم یار خان ضلع کے علاقے ماچھکہ میں شہید ہونے والے اہلکار کے اہلخانہ سے بھی دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کی پولیس نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پولیس کے تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔