پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے نو منتخب صدر شہزاد شوکت اور سیکریٹری علی عمران سید سمیت تمام نومنتخب عہدیداران کے نام اپنے تہینتی پیغام میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ نو منتخب عہدیداران آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہر سال مقررہ وقت پر الیکشن ہونا جمہوری اقدار کی پاسداری اور مضبوط اداراتی نظام کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قوم کو پہلا متفقہ آئین دینے والی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آئین کی بحالی کیلئے 30 سال سیاسی جدوجہد کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین و پارلیمان کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے وکلاءبرادری کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔