پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی 76 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے ان کے وڑن اور قیادت کی دائمی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاو ¿س سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائداعظم کی انتھک جدوجہد، غیر متزلزل عزم اور جمہوری اصولوں سے گہری وابستگی نے ایک مضبوط، آزاد اور خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد صرف ایک الگ وطن کے قیام کے لیے نہیں تھی بلکہ ایک منصفانہ اور مساوی ریاست کے لیے تھی، جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور ہر شہری، چاہے اس کا مذہب، نسل یا طبقہ کچھ بھی ہو، برابر کا حق رکھتا ہو۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرناچاہیے، کیونکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک خوشحال اور متحد پاکستان کے قیام کے لیے یہ اصول انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ، اپنے بیان میں، قائداعظم کے وڑن کو آگے بڑھانے کے حوالے سے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کردار کو بھی اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے آئین کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی، اور انہوں نے جوہری دفاع کی بنیاد رکھی، جس سے قوم کی خودمختاری اور دفاع کو یقینی بنایا گیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کیا، پسماندہ طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا اور عوام کو بااختیار بنایا، یوں ہر لحاظ سے قائد کے وڑن کو زندہ رکھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد اعظم کے نظریات کے ساتھ اپنی جماعت کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع حاصل ہوں، انصاف کی بالادستی ہو اور جمہوری اقدار کی پاسداری کی جائے۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد، رواداری اور اجتماعی ترقی کے لئے جدوجہد کرکے قائد اعظم کی لیگیسی کا احترام کرے۔