وفاقی وزیر صحت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران نیازی سیاست میں بھیانک چہرہ ہے اور صدر آصف علی زرداری اگر عمران خان کو جمہوری طریقے سے اقتدار سے نہ نکالتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔ عمران نیازی نے خطرناک ایجنڈا کے تحت پاکستان کے دنیا سے تعلقات خراب کرکے ملک کو تنہائی کا شکار کر دیا تھا۔ وزیر صحت نے کہا کہ عمران خان غیرملکی ممنوعہ فنڈز میں رنگے ہاتھوں پکڑا جا چکا ہے۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ پاکستان سے نفرت کرنے والے نے کس بنیاد پر عمران کی فنڈنگ کی؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹیلی تھون کے ذریعے بارش اور سیلاب کے متاثرین کی امداد کے لئے 14ارب روپے اکٹھے کئے تھے۔ ٹیلی تھون کے ذریعے اکٹھا کیا جانے والا چندا بارش اور سیلاب کے متاثرین کے لئے تھا۔ قادر پٹیل نے کہاکہ عمران کا مارچ ممنوعہ فنڈنگ اور توشہ خانہ کی چوری سمیت دیگر چوریاں پکڑنے کے خوف کے لئے ہے۔ ان کا دوسرا گھناﺅنا مقصد سیلاب متاثرین کے لئے اکٹھا کیا جانے والا اربوں روپے کا چندا ہضم کرنے کے لئے ہے۔ قادر پٹیل نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے عوام سے کہا کہ وہ چندا چور کا احتساب کریں۔ عادی چندا چور اب سیلاب متاثرین کی امانت میں خیانت کر رہا ہے۔