چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی زونل آفس گلگت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق خاندانوں کی تعداد رواں سال کے آخر تک 1 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہبا ز شریف کی بی آئی ایس پی کے مالی بجٹ میں اضافے پر شکرگزار ہوں اور بینظیر کفالت کی سہ ماہی قسط جنوری 2025 سے 10500 روپے سے بڑھا کر 13500 روپے کردی جائی گی۔ ملک بھر میں ڈائنامک رجسٹریشن سینٹرز کے ذریعے مستحق گھرانوں کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔ مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کیلئے بینظیر سکل ٹریننگ پروگرام کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکل ٹریننگ پروگرام کا مقصد مستحق افراد کے معاشی حالات کو بہتر بنانا اور نئے افراد کیلئے پروگرام میں جگہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کے فیصلے کے مطابق مستحق گھرانے کی خاتون خانہ کو مالی معاونت کا اہل قرار دیا گیا۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پاکستان کی غریب خواتین کو شناخت دی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت مستحق گھرانوں کے بچوں کو 70 فیصد حاضری کی بنیاد پر تعلیمی وظائف دیئے جاتے ہیں۔ بینظیر نشوونما کے تحت حاملہ ، دودھ پلانے والی ماو ¿ں اور انکے بچوں کیلئے مالی معاونت اور غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جاتی ہے۔ |