شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا پاکستان پیپلز پارٹی کی جاری ملک گیر الیکشن مہم کے حوالے سے بدین کا دورہ کیا، جہاں عوام نے ان کا فقیدالمثال استقبال کرکے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے تاریخی دوروں کی یاد تازہ کردی۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی ریلی میں خواتین نے بھی ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شریک جیالے”عکس شہید بینظیر آصفہ بھٹو زرداری” کے ساتھ ساتھ جیئے بھٹو، زندہ ہے بی بی زندہ ہے، وزیراعظم بلاول، ایک زرداری سب پہ بھاری کے پرشگاف نعرے لگاتے رہے۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بدین ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے، ہمیں یہاں کی عوام پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہر دکھ اور خوشی میں کھڑے ہوئے ہیں، ہم بھی ایسے ہی آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بدین کی عوام کو معیاری علاج فراہم کرنے کیلے اسپتال اور تعلیم کیلے معیاری درسگاہیں دیں۔ آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب دوست اورعوام دوست منشور دیا ہے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر لانا ہے تو ہمیں بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ وعدہ کرتے ہیں کہ انشائ اللہ جیت پیپلزپارٹی کی ہوگی اور بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ عوام اور غریب مزدور کو خوشحال کردیں گے۔ پارٹی منشور کے مطابق عوام کو شمسی بجلی کے 300 یونٹ مفت فراہم کریں گے۔ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم بینظیر کسان کارڈ، بینظیر مزدور کارڈ اور بینظیر یوتھ کارڈ کا اجراءکریں گے، اور کچی آبادیوں کو ریگیولرائزڈ کرکے مالکانہ حقوق دیں گے۔ یہ ہمارا وعدہ ہے کہ غریب خاندانوں کو 30 لاکھ گھر بناکر دیں گے۔ملازمین کی تنخواہیں دوگنی کی جائیں گی، اور بہتر معاشی پالیسیوں سے ملک میں غربت کا خاتمہ کرینگے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے زور دیا کہ جیالے گلی گلی اور گھر گھر جائیں اور عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں۔ عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر موقع دیں کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کی خدمت کرسکیں۔ بدین کی عوام وعدہ کریں کہ وہ بلاول بھٹو کے نامزد نمائندوں کو کامیاب کریں گے۔ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں پولنگ اسٹیشن پہنچیں اور تیر کے نشان پر ٹھپہ لگائیں۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ساتھ پارٹی امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو، میر غلام علی تالپور، حاجی تاج محمد ملاح، ارباب امیر امان اللہ، محمد اسماعیل راہو،محمد ہالیپوٹو، میر اللہ بخش تالپور و دیگر بھی موجود تھے۔