پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آئین کی گولڈن جوبلی منانے کے لیے ایک ماہ تک جاری رہنے والی سرگرمیاں کامیابی سے منعقد کرنے پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو ان چیلنجوں کے توسط سے متعارف نہیں کرتے ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ہم چیلنجوں کا مقابلہ کس طرح کرتے ہیں یہ ہمارا تعارف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمروں کی جانب سے آئین کو پامال کرنے کے باوجودآخری فتح ہمیشہ پاکستانی عوام کی ہوئی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کا سہرا پاکستانی عوام کو جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا بلکہ اس نے ملک کی خاطر تین نسلوں کی قربانیوں کو ترجیح دی۔ بدترین آمریت کی آزمائشیں بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری راستے کا انتخاب کیا ہے۔ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک پاپولسٹ سیاسی افسانے نے سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے جس سے پاکستان کے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام تشدد کو ہمیشہ مسترد کرتے ہیں، چاہے وہ کسی بھی شکل میں ہو یا کسی نعرے کے تحت شروع کیا گیا ہو۔ پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ، سپیکر اور تمام ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی حالیہ صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ بعض غیر جمہوری عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو فوجی آمروں نے بغیر کسی پچھتاوے کے روند دیا جسے عوام کی جدوجہد سے شکست ہوئی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی جارحیت اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ |